راولپنڈی: فتح جنگ میں نامعلوم دہشت گردوں نے ایڈیشنل آئی جی موٹروے کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے، جب کہ ان کے بھائی نعمان فضل جاں بحق ہوگئے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سجاد افضل آفریدی پر فائرنگ کا واقعہ فتح جنگ انٹرچینج پر پیش آیا جس میں وہ زخمی جب کہ ان کے بھائی خالق حقیقی سے جا ملے۔
پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ان پر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ میں 6 مسلح افراد نے فائرنگ کی، سجاد افضل آفریدی سرکاری گاڑی میں اپنے بھائی کے ساتھ موجود تھے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی موٹروے ایم ون پر مشکوک گاڑی کا پیچھا کررہے تھے، حملہ آوروں نے ایڈیشنل آئی جی کی سرکاری گاڑی پر فائرنگ کردی نتیجے میں ایڈیشنل آئی جی پولیس کو 2 گولیاں لگی ہیں اور وہ شدید زخمی ہیں جنہیں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ان کے بھائی جاں بحق ہوچکے ہیں۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔ سفید رنگ کی مشکوک گاڑی کا پیچھا کرتے ہوئے سرکاری گاڑی انٹرچینج پر رکی تو مشکوک گاڑی میں سوار ملزمان نے ایڈیشنل آئی جی کی گاڑی کے سامنے گاڑی روک کر اندھا دھند فائرنگ کردی اور با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
راولپنڈی موٹروے پولیس کا عملہ انٹرچینج پر حملہ آوروں کی گاڑی روکنے میں ناکام رہا۔جو ایک سوالیہ نشان ہے، دریں اثنا پمز اسپتال کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کا علاج جاری ہے ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔