نئے سال کی آمد، کراچی ہوائی فائرنگ سے لرز اٹھا، متعدد خواتین سمیت 25 افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

ہوائی فائرنگ
(فوٹو: آن لائن)

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں نئے سال کی آمد کے ساتھ ہی گزشتہ شب ہونے والی ہوائی فائرنگ سے متعدد خواتین سمیت 25افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ سے بچیوں اور خواتین سمیت 25افراد زخمی ہوئے، تاہم پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 56افراد کو گرفتار کرلیا جن پر ہوائی فائرنگ کرنے کا الزام ہے۔

کراچی کے کم و بیش تمام علاقوں میں نئے سال کی آمد پر ہوائی فائرنگ معمول کی سرگرمی سمجھی جاتی ہے تاہم ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ سال 2026 کی آمد کے موقعے پر کورنگی، فائیو اسٹار چورنگی، گولیمار اور نیو سبزی منڈی سمیت دیگر علاقوں میں شہری زخمی بھی ہوئے۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ہوائی فائرنگ کے مختلف واقعات کی مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب حیدر آباد میں نئے سال کی آمد کے موقعے پر ہونے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 4افراد جبکہ نواب شاہ میں 2افراد زخمی ہوئے۔ واضح رہے کہ محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد کردی تھی۔

Related Posts