کراچی: قیوم آباد میں فائرنگ، 1 نوجوان زخمی، 1 جاں بحق، 4ملزمان گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی
(فوٹو: آن لائن)

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں ایک نوجوان زخمی، ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 4 ملزمان ڈکیتی اور کار چوری  کے الزام میں گرفتار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قیوم آباد میں ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ قیوم آباد سی ایریا بس اسٹاپ پر فائرنگ سے زخمی شخص کو چھیپا ایمبولنیس نے جناح ہسپتال منتقل کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 26سالہ توصیف ولد داؤد کے نام سے ہوئی۔ متأثرہ شخص نے ڈکیتی پر مزاحمت کی تھی جس پر ڈاکو نے فائرنگ کرکے اسے زخمی کردیا۔

ایک اور افسوسناک واقعہ کراچی کے علاقے کورنگی میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے گلے میں رسی کا پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ زمان ٹاؤن، کورنگی کے سیکٹر ساڑھے 5 میں بس اسٹاپ کے قریب گھر سے ایک نوجوان کی گلے میں پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نوجوان کی موت گلے میں پھندا لگانے کے باعث ہوئی اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ خودکشی کا نتیجہ ہے اور نوجوان نے کیوں خودکشی کی، اس کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔ لاش ہسپتال منتقل کردی گئی۔

ایک اور واقعے میں فیروز آباد اور پاک کالونی پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلز اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔ ملزمان کا تعلق کار لفٹر گروہ سے ہے۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب پولیس نے طارق روڈ کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا جو کار لفٹر گینگ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایک ملزم کا تعلق کراچی سے جبکہ ایک کا پنجاب سے ہے۔ ملزمان مختلف علاقوں سے گاڑیاں چھین کر یا چوری کرکے پنجاب میں فروخت کردیتے تھے۔

Related Posts