کراچی: گلستانِ جوہر میں فائرنگ سے 17سالہ نوجوان جاں بحق، خاتون سمیت 2افراد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

فائرنگ
(فوٹو: اے آر وائی)

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ ایک بوڑھی خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا یہ افسوسناک واقعہ گلستانِ جوہر کے بلاک 19 میں پیش آیا جہاں 17 سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہوئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

گلستانِ جوہر پولیس کا کہنا ہے کہ 17سالہ نوجوان کی لاش اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ مقتول کی شناخت نور شاہزیب کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں 19سالہ صادق اور 60سالہ حضرت بی بی شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ دو گروپوں میں تصادم کے دوران ہوئی جو ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے بعد انہیں قرار واقعی سزا دلانے کیلئے مضبوط کیس تیار کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کراچی میں فائرنگ سے کسی نوجوان یا خاتون کے جاں بحق ہونے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں بلکہ ہفتہ وار بنیادوں پر گروہوں میں تصادم اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس کے خلاف پولیس کی تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

Related Posts