لاہور: پنجاب میں ملکی تاریخ کی پہلی سرکاری ائیر ایمبولینس سروس شروع کردی گئی ہے۔ ائیر ایمبولینس نے سب سے پہلے چھت سے گر کر مفلوج ہونے والی خاتون کو میانوالی سے راولپنڈی منتقل کردیا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق میانوالی کی 40سالہ حلیمہ بی بی 20جولائی کو چھت سے گر کر مفلوج ہوئیں، جان بچانے کیلئے راولپنڈی کے بڑے ہسپتال میں منتقل کرنا ضروری تھا۔ میانوالی ڈی ایچ کیو ہسپتال نے خاتون کو علاج کیلئے راولپنڈی جانے کی ہدایت کی تھی۔
چھت سے گرنے والی حلیمیہ بی بی کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ہے۔فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک پر اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی ہدایت کے مطابق صوبے کے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملکی تاریخ کی پہلی سرکاری ائیر ایمبولینس نے کام شروع کردیا ہے، میانوالی میں نادار مفلوج مریضہ کو فوری ریسکیو کرکے گولڈن آور میں راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے جنہیں فوری علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بہترین اور بر وقت علاج صوبے کے ہر شہری کا حق ہے جو ہم اسے ضرور دیں گے۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 76سال میں بار بار وعدے ہوئے، اس کے باوجود جو نہیں ہوسکا، وہ 4ماہ سے بھی کم وقت میں مریم نواز نے کردکھایا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








