اسلام آباد اور راولپنڈی میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن مسلسل دوسرے دن بھی متاثر رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بوکرہ میں 125 ملی میٹر، سیکٹر آئی12 میں 106 ملی میٹر، گولڑہ میں 97 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 61 ملی میٹر، سیدپور میں 69 ملی میٹر اور زیرو پوائنٹ پر 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
راولپنڈی میں سب سے زیادہ بارش چکلالہ کے علاقے میں 133 ملی میٹر ہوئی، کچہری میں 102 ملی میٹر، گوالمنڈی میں 90 ملی میٹر، پیرودھائی میں 80 ملی میٹر اور شمس آباد میں 67 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15اعشاریہ 7 فٹ تک پہنچ گئی جس سے نشیبی علاقوں میں خطرے کی گھنٹی بج گئی۔
اڈیالہ روڈ سمیت کئی اہم شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
بدھ کے روز اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث متعدد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ایئرپورٹ کی فلائٹ انکوائری ویب سائٹ کے مطابق خراب موسم کے سبب اسلام آباد سے اور اسلام آباد آنے والی چھ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
اسلام آباد سے اسکردو کے لیے فضائی آپریشن پورا دن معطل رہا۔ متاثرہ پروازوں میں ایئرسیال کی کراچی سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی ایف 121 بھی شامل تھی جو منسوخ کر دی گئی۔
اسی طرح قومی ایئرلائن کی اسلام آباد اور اسکردو کے درمیان چلنے والی دو پروازیں پی کے 451 اور پی کے 452 بھی موسم کی خرابی کے باعث منسوخ کی گئیں۔
شدید بارشوں کے باعث شہریوں کو نہ صرف ٹریفک جام، پانی بھراؤ، اور آمدورفت میں رکاوٹوں کا سامنا ہے بلکہ نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق بھی شدید خدشات لاحق ہیں۔
ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








