برلن: یورپ میں سیلاب کی تباہ کاری کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 120 سے زائد ہوگئی جبکہ سیکڑوں افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش شروع کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی اور بیلجیئم میں تاریخ کی بد ترین ریکارڈ بارش کے باعث شدید سیلاب آیا جس کے دوران سیکڑوں افراد بے گھر اور لاپتہ ہوگئے۔
یورپ کے دیگر ممالک میں بھی سیلاب نے تباہی پھیلائی جن میں سوئٹزرلینڈ، نیدر لینڈز اور لکسمبرگ شامل ہیں۔ جرمنی میں 100 سے زیادہ شہری ہلاک ہو گئے۔
ہفتے کے روز جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین میئر نے سیلاب زدہ علاقے کے دورے کے بعد پریس کانفرنس کی اور بتایا کہ انہیں سیلاب کی تباہ کاری نے پریشان کردیا ہے۔
جرمن صدر کا کہنا تھا کہ جرمنی میں سیلاب سے ہر جگہ تباہی پھیلی، بہت سے لوگ زندگی کی جمع پونجی اور گھر بار سے محروم ہوچکے ہیں جنہیں ریلیف کی ضرورت ہے۔
سیلابی پانی جگہ جگہ کھڑا ہوگیا۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں تاہم پانی کھڑا ہونے کے باعث انہیں مشکلات درپیش ہیں۔ لاپتہ افراد کے لواحقین بے حد پریشان ہیں۔
اپنے پیاروں کا انتظار کرنے والے لواحقین رشتہ داروں کو دیکھنے کیلئے ترس گئے۔ ٹیلی فون نیٹ ورک، سڑکیں اور ذرائع مواصلات پر سیلاب کے اثرات کے باعث رابطوں میں مشکلات درپیش ہیں۔
مجموعی طور پر جرمنی کے 1 لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔ نارتھ ویسٹ فیلیا، رائن لینڈ اور سار لینڈ سمیت دیگر ریاستوں میں سیلاب نے تاریخی تباہی پھیلائی۔
ضلع احرویلر کے حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث لاپتہ ہونے والے افراد کی تعداد 1 ہزار 300 سے زائد ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
مسلسل بارش اور سیلاب کے نتیجے میں بے پناہ مالی نقصان ہوا۔ وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک ملبے سے لوگوں کی آوازیں نہ آنا بد ترین نتیجے کی نشانی ہے جس کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
نیدر لینڈ میں سیلابی پانی کا بہاؤ جاری ہے جس نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں جنہیں محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جارہا ہے۔ جنوبی شہر میں سیلاب میں کمی دیکھی گئی۔
ماستریچت اور قریبی قصبوں میں جمعے کے روز لوگوں نے گھروں کی طرف واپسی کا عمل شروع کردیا جبکہ سوئٹزرلینڈ میں تیز بارش کے بعد دریاؤں اور جھیلوں میں پانی کا دباؤ بڑھ چکا ہے۔
بیلجیم میں سیلاب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20ہوچکی ہے۔ ملک کے 4 صوبوں میں ریسکیو آپریشن کیلئے فوج سے معاونت طلب کر لی گئی۔ بیلجین وزیر اعظم نے سوگ کا اعلان کردیا۔
آج سے 3 روز بعد 20 جولائی کے روز بیلجیم میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی یاد میں سوگ کا قومی دن منایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب کے باعث تاریخ کی بد ترین تباہی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب، مکہ مکرمہ میں مناسکِ حج کی ادائیگی آج سے شروع
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








