اللہ خیر کرے، تین دریاؤں کے سیلابی ریلوں نے ملتان کا رخ کرلیا، ڈوبنے کا خطرہ

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

پنجاب میں تین دریاؤں کے ریلوں کا رخ ملتان کی جانب ہے اور پی ڈی ایم اے نے آئندہ تین دن انتہائی اہم قرار دیے ہیں۔

حکام کے مطابق شیرشاہ بند پر پانی کا بہاؤ برقرار ہے تاہم بند توڑنے کا فیصلہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے، ضرورت پڑنے پر بریچ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

جلال پور پیروالا کے قریب بند میں شگاف پڑنے سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ خان بیلہ روڈ پر ریسکیو کے دوران کشتی الٹ گئی تاہم بروقت امداد اور لائف جیکٹس کے باعث بڑا سانحہ ٹل گیا۔ علاقے میں آٹھ میں سے چھ فلڈ ریلیف کیمپس پانی میں بہہ گئے، باقی دو کیمپس ہزاروں متاثرین کے لیے ناکافی ہیں۔

ادھر، سیلاب متاثرین سے زائد کرایہ وصول کرنے والے کشتی مالکان گرفتار کرلیے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ تمام نجی کشتیاں اب پولیس نگرانی میں چلیں گی اور متاثرین کی ٹرانسپورٹ کا خرچ حکومت برداشت کرے گی۔

ملتان میں سیلابی صورتحال بدستور سنگین ہے، جلال پور پیروالا کو بچانے کے لیے وہاڑی پل بند توڑنے سے درجنوں علاقے زیر آب آگئے۔ لیاقت پور کے 7 گاؤں بھی ڈوب گئے ہیں۔

دوسری جانب مرالہ، خانکی اور قادر آباد ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہیڈ تریموں میں پانی کی سطح کم ہو گئی ہے۔ چشتیاں میں دریائے ستلج میں ڈوب کر 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔

Related Posts