فلوریڈا:امریکا کی ریاست فلوریڈا میں آندھی اور طوفان کے باعث کم از کم 17 افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
سمندری طوفان کے باعث امریکی ریاست فلوریڈا میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ شدید بارشوں کی وجہ سے متاثرہ علاقوں کو سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طوفانی ہواؤں اور سیلابی صورتحال کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 17 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں، طوفان سے تعمیرات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
فلوریڈا کی صورتحال پر امریکی صدر جو بائیڈن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اموات کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ دوسری جانب فلوریڈا کے گورنر کا کہنا ہے کہ طوفان سے جو تباہی ہوئی ہے وہ 500 برسوں میں نہیں دیکھی گئی۔
سب سیزیادہ فورٹ مائرز کا علاقہ متاثر ہوا ہے اور ریاست میں اب بھی 25 لاکھ سے زائد شہری بجلی سے محروم ہیں۔متاثرہ ریاست کے ایک شہری کا کہنا ہے کہ طوفان کے دوران علاقے میں ایسی تباہی ہوئی ہے جیسے یہاں ایٹم بم گرادیا گیا ہو۔
مزید پڑھیں:کیوبا اور فلوریڈا کے ساحل پر کشتی کو حادثہ، 23افراد لاپتہ
امریکی نیشنل ہریکین سینٹر کے مطابق فلوریڈا کونشانہ بنانے کے بعد سمندری طوفان ‘آئن’دوبارہ شدت اختیار کرگیا، طوفان اب شمال کی جانب بڑھ رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








