زمینی کٹاؤ کے باعث تحصیل شاہ بندر سمندر برد ہوجانے کا خدشہ ہے۔وزیر خارجہ

تازہ ترین

تازہ ترین

زمینی کٹاؤ کے باعث تحصیل شاہ بندر سمندر برد ہوجانے کا خدشہ ہے۔وزیر خارجہ
زمینی کٹاؤ کے باعث تحصیل شاہ بندر سمندر برد ہوجانے کا خدشہ ہے۔وزیر خارجہ

اسلام آباد: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ زمینی کٹاؤ کے باعث تحصیل شاہ بندر 2035تک سمندر برد ہوجانے کا خدشہ ہے۔ آئندہ 28سالوں میں سمندر ٹھٹھہ تک پہنچ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سمندروں کے عالمی دن کے موقعے پر اپنے پیغام میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مختلف رپورٹس سے پتہ چلا ہے کہ سمندر میں بڑی مچھلیوں کی تعداد میں 90 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

پاک بحریہ سمندروں کے محفوظ استعمال کیلئے سرگرم ہے۔نیول چیف

 دُنیا بھر میں سمندروں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

سمندر کے متعلق مختلف نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ رپورٹس کے مطابق مونگے کی چٹانوں میں سے 50 فیصد تباہ ہوگئیں جبکہ انسانی خود غرضی کے باعث پیدا ہونے والی سمندر کی یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سمندر کرۂ ارض پر 50 فیصد آکسیجن پیدا جبکہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا 30 فیصد حصہ جذب کرتا ہے۔ دریاؤں کے پانی پر غیر منصفانہ کنٹرول کی وجہ سے ڈیلٹائی علاقے تیزی سے ختم ہورہے ہیں۔

ایک تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ انڈس ڈیلٹا کا 24 لاکھ ایکڑ کا رقبہ سمندر برد ہوچکا ہے۔ سمندری کٹاؤ جاری رہا تو ساحلی تحصیل شاہ بندر سمندر برد ہونے  اور 2050 تک سمندر ٹھٹھہ تک پہنچ جانے کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت دُنیا بھر میں سمندروں کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد آبی آلودگی اور سمندری حیات کے تحفظ پر شعور اجاگر کرنا اور معدومیت کے خطرے سے دوچار تیرنے والے جانوروں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ہر سال پاکستان سمیت دُنیا بھر میں سمندروں کے عالمی دن کے موقعے پرمختلف تقاریب، سیمینارز اور بحث مباحثوں کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں  سمندری حیات کے تحفظ اور آبی آلودگی کے خاتمے سمیت مختلف مسائل کا حل تجویز کیا جاتا ہے۔

Related Posts