دبئی: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے دو روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں امن اور سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم تقریبا 1اعشارہی 6 ملین پاکستانی پچھلی کئی دہائیوں سے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں۔
اس سے قبل وزیر خارجہ نے متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم سے باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا تھا جس میں پاکستانی شہریوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور بھی شامل تھے۔
شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کا خیر سگالی پیغام بھی پہنچایا۔
وزیرخارجہ نے شیخ محمد بن راشد المکتوم سے درخواست کی کہ وہ متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دیں۔
دبئی ایکسپو 2020 کی شاندار کامیابی پرشاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے اظہار تشکر کیا۔