اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی مصر کے 2روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، وزیر خارجہ مصری ہم منصب سے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے، وزیر خارجہ مصر کے تاجروں اور پاکستانی برادری سے ملاقات کریں گے۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا مصر روانگی سے قبل ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ مصر مسلم امہ کا اہم ملک اور افریقہ کیلئے گیٹ وے ہے، افریقی ممالک سے تجارتی تعلقات حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، دونوں ممالک میں معاشی تعاون کے فروغ کیلئے امکانات موجود ہیں۔
اس سے قبل گزشتہ روز کراچی میں میری ٹائم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھاکہ بھارت بحرہند میں ایٹمی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کا باعث ہے ،بھارتی حکومت کا ہندو توا نظریہ خطےکیلیے خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اہم میری ٹائم اسٹیٹ ہے، بلیواکانومی ایک نیا نظریہ ہے، بلیو اکانومی مستقبل میں معیشت مستحکم کرنےمیں معاون ثابت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک اور گوادرپورٹ گیم چینجنگ پراجیکٹس ہیں، پاکستان میں تیمر کے جنگلات دنیا میں چھٹے نمبر پر ہیں،گوادر پورٹ محل و قوع کے حساب سے اسٹریٹجک اہمیت رکھتاہے۔