اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے۔ خطے میں امن واستحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے۔
یہ باتیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی ملاقات کے دوران کہیں،افغان حزب وحدت اسلامی کے رہنما محمد کریم خلیلی نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔
وزیر خارجہ نے کریم خلیلی اور وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین گہرے تاریخی اور یکساں ثقافتی و تہذیبی اقدار پر استوار برادرانہ تعلقات ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملاقات میں افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شروع سے یہی موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔پر امن مذاکرات ہی اس مسئلے کا حل ہے، افغان قیادت کو قابل قبول جامع سیاسی مذاکرات ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بین الافغان مذاکرات میں اب تک ہونیوالی پیشرفت خوش آئند ہے۔ ہم دوحہ میں شروع ہونیوالے بین الافغان مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ہم بین الافغان مذاکرات میں طے کردہ فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات کی صورت میں افغان قیادت کے پاس قیام امن کا ایک نادر موقع موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔ بدقسمتی سے بھارت افغانستان میں صورتحال کو خراب کر رہا ہے اور ہم نے اس حوالے سے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھے ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ کوئی بھی ملک پاکستان سے زیادہ افغانستان میں قیام امن کا متمنی نہیں ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں امن واستحکام افغانستان میں دیرپا قیام امن سے منسلک ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے لوگوں کی سہولت کیلئے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دو طرفہ تجارت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کی جلد، باعزت اور پروقار وطن واپسی کے متمنی ہیں۔
دوسری جانب افغان حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ محمد کریم خلیلی نے پرتپاک خیر مقدم پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہا۔