لاہور: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی حکومت کے تحت پنجاب بھر میں پہلی بار اشیائے خوردونوش سستی ترین ہیں۔ پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خور و نوش کے نرخ کم ترین سطح پر رہنے کا ریکارڈ قائم کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے سہولت بازاروں میں 4 کروڑ شہریوں نے مجموعی طور پر 3 کروڑ 69 لاکھ 30 ہزار کلو گرام اشیائے خور و نوش خرید کر ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا۔اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کی ٹیم کو مبارکباد دی۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سہولت بازاروں میں اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں 40 فیصد تک کم نرخ پر اشیا فروخت کی گئیں جس کے باعث عوام نے ایک ماہ کے دوران ایک ارب 10 کروڑ روپے کی بچت کرتے ہوئے خریداری کا سلسلہ جاری رکھا۔ ڈی سی ریٹ کے مقابلے میں 18فیصد تک سستے نرخوں کے ساتھ شہریوں نے 73کروڑ کی اضافی بچت کرلی۔
اعدادوشمار کے مطابق رمضان المبارک کے دوران سہولت بازاروں میں سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی کا ہدف حاصل کرلیا گیا۔ پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے تحت پنجاب بھر میں 49 سہولت بازار، 20 ’سہولت آن دی گو‘ اور 11 عارضی بازاروں سمیت مجموعی طور پر 80 بازار قائم کیے گئے تھے۔
تمام 80 بازاروں میں 40 لاکھ سے زائد خریداروں کی آمد ریکارڈ کی گئی جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران 29 لاکھ 30 ہزار کلو گرام سستا آٹا فراہم کیا گیا ، جس کی قیمت ڈی سی ریٹ کے مقابلے میں 7اعشاریہ 2فیصد جبکہ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں ساڑھے 13فیصد کم رہی، جس سے عوام کروڑوں روپے بچانے میں کامیاب رہے۔
اس کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے 37 ہزار سے زائد آرڈرز وصول کیے گئے جبکہ فری ہوم ڈیلیوری سروس کے تحت سبزیوں اور پھلوں کی ترسیل اضافی چارجز وصول کیے بغیر ممکن بنائی گئی، جس سے صارفین نے 13 کروڑ 11 لاکھ روپے کی مزید بچت بھی کی۔ سہولت بازاروں میں 1 ہزار 763اسٹالز قائم کیے گئے تھے۔
سہولت بازاروں میں 125 کیش لیس ایجنٹ سنٹرز بھی بنائے گئے۔ اسی طرح 886 راشن کارڈ اور 3778 نگہبان رمضان کارڈ کے ذریعے بھی خریداری ہوئی جبکہ اس دوران اشیائے خوردونوش کے معیار اور نرخوں کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے براہِ راست فیڈ بیک سسٹم کا نفاذ بھی یقینی بنایا گیا۔
عوام کی جانب سے خریداری کا ریکارڈ قائم ہونے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چیئرمین پی ایس بی اے افضل کھوکھر اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دن رات محنت کے ذریعے عوام کو سستے ترین نرخ پر اشیا فراہم کی گئیں۔ سہولت بازاروں کے مؤثر نظام کی بدولت اوپن مارکیٹ میں مہنگائی بھی نمایاں طور پر کم ہوئی۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو سستی اور معیاری اشیائے خورو نوش کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور سنہ 2026 کا رمضان آپریشن عوامی خدمت کی ایک مثالی مثال بن چکا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








