کراچی: فوڈ پانڈا رائیڈرز اپنی کمپنی کی پالیسیوں کے خلاف ہڑتال پر چلے گئے تھے، فوڈ پانڈا رائیڈرز کے مطالبات کے مطابق انہیں تنخواہوں میں تاخیر اور کم اجرت کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق فوڈ پانڈا رائیڈرز نے کمپنی کو دو ہفتے کا الٹی میٹم دے کر ہڑتال ملتوی کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق فوڈ پانڈا کے مستقل صارفین کو پچھلے دو تین دنوں سے اپنے آرڈرز کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ فوڈ پانڈا رائیڈرز کمپنی کی پالیسیوں کے خلاف ہڑتال پر تھے۔ فوڈ پانڈا کے سی ای او نعمان سکندر کے استعفیٰ دینے اور کمپنی چھوڑنے کے چند دن بعد یہ پیشرفت سامنے آئی۔
ایک ویڈیو پیغام میں فوڈ پانڈا رائیڈرز کو اپنی انتظامیہ کو بے ضابطگیوں کو دور کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے دیکھا گیا اور دو ہفتوں کے لیے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔
فوڈ پانڈا رائیڈرز نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر دو ہفتوں میں بے ضابطگیوں کو دور نہ کیا گیا تو وہ مزید 5 دن تک مسلسل ہڑتال پر جائیں گے اور ڈیلیوری آپریشن روک دیں گے۔ فوڈ پانڈا رائیڈرز کو فوڈ ڈیلیوری کمپنی کے خلاف نعرے لگاتے بھی دیکھا گیا۔
رائیڈرز کے مطالبوں میں فکس تنخواہ کی ادائیگی، آرڈر کی منسوخی پر رائیڈر کے خلاف کارروائی کا خاتمہ، ٹپ کی بحالی اور چھٹیوں کا حق وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان مزدور کسان پارٹی کی جانب سے فوڈ پانڈا کے رائیڈرز سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی ماہرین کی تنقید کا نشانہ بن گئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








