سابق پاکستانی کرکٹ کپتان ثناء میر کو ورلڈ اکنامک فورم کے تحت عالمی سطح پر منتخب کیے جانے والے “ینگ گلوبل لیڈرز کلاس آف 2025 میں شامل کر لیا گیا ہے۔
یہ اعزاز اُن کی شخصیت، خدمات اور عالمی سطح پر تبدیلی لانے کے جذبے کا اعتراف ہے۔ اس فہرست میں دنیا بھر کے 120 سے زائد ممالک کے بااثر اور تبدیلی لانے والے رہنما شامل ہوتے ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کا ینگ گلوبل لیڈرز پروگرام ان افراد کو تسلیم کرتا ہے جو 40 سال سے کم عمر ہوتے ہیں اور جنہوں نے اپنی فیلڈ میں غیر معمولی قیادت، عوامی خدمت سے وابستگی اور تبدیلی کی خواہش کا ثبوت دیا ہو۔
امسال منتخب کیے جانے والے رہنماؤں میں موجدین، سماجی کارکن، بزنس لیڈرز، پالیسی ساز شامل ہیںاور اب ان میں کرکٹ کا ایک باوقار نام بھی شامل ہو گیا ہے۔
ثناء میر نے اپنے انتخاب پر کہا کہ میں بے حد پُرجوش ہوں کہ مجھے ینگ گلوبل لیڈرز کلاس آف 2025 کا حصہ بنایا گیا۔ 120 سے زائد قوموں سے تعلق رکھنے والے لیڈرز کے ساتھ شامل ہو کر، ہم سب خود کو بہتر بنانے، مثبت تبدیلی لانے، اور دنیا میں بہتری پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
ثناء میر کا انتخاب صرف ایک کرکٹ کھلاڑی کے طور پر نہیں، بلکہ ایک سماجی اثر رکھنے والی شخصیت کے طور پر کیا گیا ہے۔
یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کھیل، خاص طور پر کرکٹ، اب صرف میدان تک محدود نہیں رہا بلکہ عالمی پالیسی، سماجی انصاف، ماحولیاتی پائیداری، نوجوانوں کی شمولیت اور صنفی مساوات جیسے اہم موضوعات پر بھی اثرانداز ہو رہا ہے۔
ینگ گلوبل لیڈرز کے سابقہ نمایاں اراکین میں جیسنڈا آرڈرن، ایمانوئیل میکرون، ملالہ یوسفزئی اور مارک زکربرگ جیسے عالمی رہنما شامل ہیں۔
ثناء میر کی اس فہرست میں شمولیت اس بات کا اشارہ ہے کہ کھیلوں میں قیادت کا کردار دنیا میں ترقی اور بہتری کے سفر میں اب مزید تسلیم کیا جا رہا ہے۔
ثناء میر کی شمولیت نہ صرف پاکستانی کرکٹ کمیونٹی کے لیے فخر کا لمحہ ہے، بلکہ یہ نوجوان نسل کو بھی اس بات کا پیغام دیتی ہے کہ کردار، وژن اور سماجی شعور کی بدولت کھیل سے آگے بڑھ کر بھی دنیا میں مثبت اثر ڈالا جا سکتا ہے۔
یہ کامیابی صرف ایک اعزاز نہیں، بلکہ ایک اعتراف ہے کہ کرکٹ کے میدان سے نکل کر بھی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








