راولپنڈی: ملک کے سابق وزیراعظم میرظفراللہ خان جمالی علالت کے باعث انتقال کرگئے، ان کے بیٹے نے موت کی خبر کی تصدیق کردی۔
سابق وزیراعظم میر ظفراللہ جمالی کو دل کا عارضہ تھا جس کے باعث رواں ماہ مئی میں ان کو کورونا بھی ہوا تھا، کچھ دن پہلے بھی ان کے انتقال کی جھوٹی خبرپھیلی تھی، تاہم ان کے اہل خانہ نے اس وقت ان کی موت کی خبر کی تردید کرتے ہوئے عوام سے ان کے لیے دعاؤں کی اپیل کی تھی۔
سابق وزیراعظم ظفر اللہ جمالی کے ا نتقال کی خبر کی سینیٹرثنا جمالی نے تصدیق کر دی، میر ظفراللہ جمالی کوان کے آبائی علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں سپردخاک کیا جائے گا۔
سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی کا تعلق ضلع نصیرآباد کے علاقے روجھان کے سیاسی خاندان سے تھا،مرحوم یکم جنوری 1944 کو پیدا ہوئے، انہوں نے سیاسی سفرکا آغاز 1970 میں کیا تھا،میرظفراللہ جمالی 23 نومبر 2002 کومختصر عرصے کے لئے ملک کے 13ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پرمیرظفراللہ جمالی پہلی بار رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہوئے، انہیں جنرل ضیاء کے دور میں وزیرمملکت مقررکیا گیا، میرظفراللہ جمالی 2 بار سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے تھے، مرحوم وزیراعلیٰ، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کے منصب پر بھی فائز رہ چکے تھے۔