کراچی :اتوار اور پیر کی درمیان شپ کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار کار ایک پل کے ستون سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ، دیگر حادثات میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔
یہ حادثہ کراچی میں یونیورسٹی روڈ پرشیخ زید اسلامک سینٹر کے سامنے پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار کار موٹرسائیکل کو بچاتے ہوئے پل کے ستون سے ٹکرا گئی جس سے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت رمیز ، اسد ، تیمور اور روہن کے نام سے ہوئی ہے۔واقعہ کے حوالے سے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
ادھر ماڑی پور تھانے کی حدود میں جاوید بحریہ کے قریب سڑک حادثہ میں ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا، متوفی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا، لاش کی شناخت 60 سالہ لائق ولد حاجی حسن کے نام سے ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ، لانڈھی ظفر ٹاؤن میں ٹرین کی ٹکر لگنے سے ایک نامعلوم شخص ہلاک ہوگیا، لاش کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔
ایک اور حادثے میں بلدیہ ٹاؤن کے لیبر اسکوائر میں نجی کمپنی کی عمارت کی چھت سے گرنے سے ایک مزدور جان سے گیا، لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مرنے والے کی شناخت 50 سالہ عباد ات ولد سلامت خان کے نام سے ہوئی ہے۔