فرانسیسی خاتون اول کا شوہر کے ہاتھ تھامنے سے انکار؛ ویتنام کےتھپڑ کی یاد تازہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ نیو یارک پوسٹ)

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون کے تین روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچنے پر ایک غیر معمولی واقعہ نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

لندن کے ہوائی اڈے پر جہاز سے اترتے وقت صدر میکرون نے اپنی اہلیہ کے لیے ہاتھ بڑھایا، لیکن خاتون اول نے اسے نظر انداز کر دیا۔ اس عمل نے ایک بار پھر جوڑے کے درمیان کشیدگی کی افواہوں کو تقویت بخشی، جو کہ ماضی میں بھی سرخیوں کی زینت بنتی رہی ہیں۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ کا پرتپاک استقبال کیا، لیکن یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ کچھ ہی گھنٹوں بعد ایک اور غیر متوقع واقعہ پیش آیا جب صدر میکرون کا قافلہ ونزر کاسل سے روانہ ہوا۔ قافلے کی ایک گاڑی کا دروازہ اور پچھلا حصہ کھلا رہ گیا، جس کی وجہ سے دو بیگ سڑک پر گر گئے۔ قافلے کے پیچھے موجود ایک اہلکار نے گاڑی روکنے کی کوشش کی، لیکن دوسری گاڑی کا ڈرائیور بھی اسی ہنگامے میں اپنی گاڑی کا کھلا دروازہ بند کرنا بھول گیا۔

یہ کوئی پہلا موقع نہیں کہ فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ کے تعلقات تنازعات کا شکار ہوئے ہوں۔ رواں سال مئی میں ویتنام کے دورے کے دوران بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں خاتون اول کا ہاتھ جہاز سے اترتے وقت صدر میکرون کے چہرے پر پڑتا دکھائی دیا۔

سوشل میڈیا پر اسے “تھپڑ” کا نام دیا گیا، حالانکہ صدر میکرون نے بعد میں وضاحت کی کہ یہ صرف ایک ہلکا پھلکا لمحہ تھا اور وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مذاق کر رہے تھے۔ اس موقع پر بھی خاتون اول نے صدر کا بڑھایا ہوا بازو پکڑنے سے گریز کیا تھا۔

ان واقعات نے ایک بار پھر فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ کے تعلقات پر سوالات اٹھائے ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر صارفین اسے دلچسپ انداز میں پیش کر رہے ہیں۔ تاہم، صدر میکرون نے ان افواہوں کو ہمیشہ ہنسی مذاق قرار دیا ہے۔

Related Posts