کراچی :اسلامی نظریاتی کونسل نے جمعے کےخطبات کیلئے نئے احکامات جاری کردیئے،جس کے تحت مساجد میں خطبہ جمعہ کے لیے صدر مملکت کی ہدایت پر 100 موضوعات کا انتخاب کیا گیا اس حوالے سے ابتدائی مسودہ بھی تیار کرلیا گیا۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر ڈاکٹر قبلہ ایاز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل بہتر معاشرے کی تشکیل کے لیے خطبہ جمعہ کے لیے موضوعات اور اس کے متعلقہ اسلامی ریفرنس بھی تیار کرے گی ۔
ڈاکٹر قبلہ ایاز کے مطابق وزارت مذہبی امور کی تجویز کردہ بین المذاہب تعاون و تعامل کی قومی پالیسی کو کچھ ترامیم کے ساتھ منظور کیا گیا اور اسے ملک کے اندر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔
توہین میت کے واقعات سامنے آنے پر تجویز کردہ قانون کی منظوری دی گئی ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل کا دو روزہ اجلاس ختم ہونے کے بعد وزیراعظم سے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کونسل کی سفارشات کو مرحلہ وار نافذ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قبلہ ایاز نے مزید بتایا کہ کونسل کے 8 ارکان ریٹائرڈ ہوچکے ہیں،ان ارکان کی جگہ نئے ارکان کو جلد مقرر کیا جائے گا۔
ریٹائرڈ ہونے والے آٹھ ارکان میں دو ججز، خاتون، ماہرین معیشت و انتظامی امور شامل ہیں،بہت جلد تجویز کردہ نام وزارت قانون کو پیش کردیں گے۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے گلگت بلتستان میں امن کے لیے علما کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا پہلا پڑاؤ ہے، آئندہ نسلوں کا علماء پر قرض ہے کہ علاقے کو بدامنی سے محفوظ رکھیں۔
اجلاس میں اشتہارات میں قرآن پاک کی آیات یا احادیث شامل ہونے پر بھی بحث کی گئی، اور کہا گیا کہ اخبارات خریدنے والے آیات اور احادیث کا احترام کریں جب کہ سوشل میڈیا پر غلط پوسٹوں کا روکنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، اجلاس میں فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا، کابل میں اسکول اور مسجد پر حملے پر اظہار تشویش کیا گیا۔