ہالی ووڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز اور کیوبن نژاد ہسپانوی اداکارہ آنا دی آرمس کے درمیان تعلقات نو ماہ سے بھی کم عرصے میں اختتام پذیر ہوگئے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں کے درمیان علیحدگی خوش اسلوبی سے ہوئی ہے اور اب وہ ایک دوسرے کے ساتھ صرف دوستانہ تعلق برقرار رکھیں گے۔
ان دونوں کے تعلقات کی خبریں فروری 2025 میں منظر عام پر آئی تھیں اور جلد ہی یہ جوڑا ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ زیرِ بحث جوڑیوں میں شمار ہونے لگا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ چند ماہ قبل ہی ان کی مبینہ اسپیس ویڈنگ یعنی خلا میں شادی کے منصوبے کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں، جو اب ان کی علیحدگی کے بعد منسوخ ہوگئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان کی جوڑی کے چرچے رہے، مگر اب یہ رشتہ خاموشی سے اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے۔ دونوں اداکاروں کے نمائندگان نے تاحال اس علیحدگی پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔
برطانوی اخبار دی سن نے ایک قریبی ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ٹام اور آنا نے یہ محسوس کیا کہ ان کے درمیان اب وہ پہلی سی کشش باقی نہیں رہی، لہٰذا دونوں نے باہمی اتفاق رائے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علیحدگی میں کسی قسم کی تلخی یا تنازع شامل نہیں اور دونوں ایک دوسرے کے احترام کے ساتھ الگ ہوئے ہیں۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ علیحدگی کے باوجود دونوں اداکار پیشہ ورانہ طور پر ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ آنا دی آرمس اب بھی ٹام کروز کے ساتھ ایک آنے والی فلم ڈیپر میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک مافوق الفطرت تھرلر کہانی پر مبنی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








