علی امین گنڈا پور اور عمر ایوب اشتہاری قرار، عدالت سے وارنٹ گرفتاری جاری

تازہ ترین

تازہ ترین

علی امین گنڈا پور
(فوٹو: آن لائن)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اور سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس  نے احتجاج کے دو مقدمات میں سابق وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اورسابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو  اشتہاری قرار دیا جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کردئیے۔

ضلع کچہری اسلام آباد میں علی امین گنڈا پورسمیت دیگر ملزمان کیخلاف تحریکِ انصاف کی جانب سے شروع کیے گئے حقیقی آزادی مارچ کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی،مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشرحسن چشتی نےکی۔

سماعت کے دوران عدالت نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پوراورسابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کو نہ صرف اشتہاری قرار دیا بلکہ متعدد بار طلب کرنے کے باوجود عدم پیشی پر برہمی کا اظہار کیا۔

حکام کا ماننا ہے کہ عدالت کیجانب سے متعدد بارطلب کرنے کے باوجود علی امین گنڈا پور اور عمر ایوب سماعت کیلئے پیش نہیں ہورہے تھے، عدالت نےگزشتہ سماعت پر علی امین گنڈا پور کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سابق وفاقی وزیر ،زرتاج گل  وزیر اور دیگر ملزمان دونوں مقدمات سےبری ہوچکے ہیں جبکہ علی امین گنڈا پور اور دیگر ملزمان کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ بارہ کہو میں دو مقدمات درج کیے گئے تھے۔

Related Posts