راولپنڈی: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد ملک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب سر پر کفن باندھ کر نکلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 9 نومبر کو صوابی انٹرچینچ پر بڑا اجتماع ہوگا، اس کے بعد ملک بند کرنے کی کال دیں گے۔ عمران خان سے بہت عرصے بعد ملاقات ہوئی ہے۔
گفتگو کے بعد وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک قابلِ مذمت ہے، یہ رویہ برداشت نہیں کریں گے۔ اپنے پلان پر کام شروع کردیا ہے، حکومت سے جان چھڑانا ہوگی، پہلے ہم نے جلسے کا اعلان کیا تھا، اب اجتماع ہوگا۔ ملک بھر سے لوگوں کو جمع کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ لوگوں سے یہ کہنا ہے کہ اپنے گھروں میں بتا کر آئیں کہ اب ہم اپنے حقوق لے کر ہی واپس جائیں گے، کیسے نکلنا اور ملک بند کرنا ہے، اس پر مشاورت ہوگئی ہے، حکومت کی تیاریوں سے نمٹنے کی حکمتِ عملی بھی بنا لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق علی امین گنڈا پور نے کہا کہ میں نہ کسی سے ڈرتا ہوں نہ جھوٹ بولتا ہوں۔ جو ہوگا، دیکھا جائے گا۔ ہر بندہ تجزیہ نگار بنا ہوا ہے کہ ڈیل ہوگئی، پارٹی کارکنان کو پیغام دیتا ہوں کہ یہ لوگ آپ کو الجھن میں ڈال دیں گے، میں سچ کہتا ہوں کہ سب کو معلوم ہے کس نے پارٹی کیلئے کیا کیا؟
وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ ہم نے ثابت کیا کہ ہم آسکتے ہیں اور پر امن طور پر آسکتے ہیں، انہوں نے کے پی ہاؤس پرحملہ کیا، موبائل فون ابھی تک واپس نہیں ملے، جو انہوں نے لیے وہ واش ہوچکے تھے، ان کو کچھ نہیں ملا۔ صوابی اجتماع میں پارٹی اور کارکنان کو ذمہ داریاں دی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








