کراچی :چیئرمین ایل لی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیاہے،ملک میں اس وقت 90 لاکھ کیوبک فٹ کا شارٹ فال موجود ہے، ایل پی جی سستی گیس ہے حکومت اس پر ٹیکس کم کرے حکومت نے مطالبات نہ مانے تو کراچی سے خیبر تک ایل ہی جی گیس کی سپلائی بند کردینگے۔
چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے کراچی پریس کلب میں عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایل پی جی پر ٹیکسز اور لیویز کا خاتمہ کرے ورنہ خیبر سے کراچی تک گیس کی فراہمی بند کردی جائیگی۔
غیر معیاری سلنڈرز پر بات کرتے ہوئے عرفان کھوکھر کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں، حکومت اس معاملے میں بھی ناکام ہے، حکومت عوامی سہولت کا خیال رکھے۔
ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے مطابق ملک میں اس وقت 90 لاکھ کیوبک کا شارٹ فال موجود ہے، ایل پی جی کو ٹیکس مراعت دے کر ہی ملک میں گیس بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
شہریوں کے لیے گیس کے بغیر سخت سردی امتحان بن گئی ہے اور چولہا جلانے کے لیے بھی گیس دستیاب نہیں ہے۔
کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ملتان، پشاور، فیصل آباد،کوئٹہ،گوجرانوالہ، سوات سمیت ملک کے بیشتر شہروں میں گیس کی فراہمی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا ہے،سندھ میں گیس کی عدم فراہمی پر صنعتیں بند ہونے سے تاجر اور مزدور پریشان ہیں۔
پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات کا شکار ہے اور صنعتوں کو توانائی کی فراہمی بند ہونے سے مشکلات مزید بڑھ جاتی ہیں جبکہ امسال کورونا کی وجہ سے پہلے ہی صنعتوں کی بندش سے اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے اور اب چار ماہ کی بندش صنعتوں کو مزید متاثر کریگی ۔