پنجاب کے صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے کے 2 شہروں میں گیس سلنڈر دھماکوں کے باعث متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یہ دھماکے لاہور اور ڈیرہ غازی خان میں ہوئے۔ لاہور میں فیروزوالا شاہدرہ کے علاقے فرخ آباد میں سلنڈر والی دکان میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ ہوا جس کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث 3 افراد زخمی ہوئے جن کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ایل پی جی گیس سلنڈر میں آگ لگنے سے ڈیرہ غازی خان میں 5افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
اس حوالے سے ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ گیس سلنڈر میں ری فلنگ کے دوران لگی جس سے دکاندار سمیت 5افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








