شمالی وزیرستان میں گیس کے ذخائر دریافت، کتنے کروڑ ڈالر بچینگے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو: جیو نیوز)

شیوا: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں قدرتی گیس کے نئے ذخائردریافت ہوئے ہیں جس سے سالانہ کروڑوں ڈالرز کی بچت ممکن ہوسکے گی۔

تفصیلات کے مطابق ماڑی پیٹرولیم کمپنی نے گیس کے نئے ذخائر شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا ون اور شیوا 2 سے دریافت کیے، ذخائر کو صاف کرکے ایس این جی پی ایل کو منتقل کرنے کیلئے پراسیسنگ پلانٹ بھی لگا دیا گیا ہے۔کمپنی نے شیوا 1 اور شیوا 2 میں 2 کنووں کی کھدائی کی۔

آج سے 2 سال قبل ماڑی پیٹرولیم نے شیوا کے علاقے میں پہلے کنویں کی کھدائی کی اور رواں برس جنوری کے دوران دوسرے کنویں سے بھی گیس دریافت کر لی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ دریافت کی گئی گیس ملک کی مجموعی طلب کا 5فیصد تک مہیا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

جنوری 2024 کے دوران 4 ہزار 577میٹر تک کھدائی کے بعد گیس کے ذخائر دریافت ہوئے۔ ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے کنووں کی کھدائی کے بعد گیس کو صاف کرکے ایس این جی پی ایل کو منتقل کرنے کیلئے پراسیسنگ پلانٹ کی تنصیب سے علاقے کے عوام کو روزگار بھی میسر آیا ہے۔

چیف آف اسٹاف ماڑی پیٹرولیم اسد رضا کاک ہنا ہے کہ نیشنل گرڈ میں داخل کرنے کیلئے گیس پائپ لائن کا کام 73فیصد تک مکمل ہوا ہے۔ گیس پراسیسنگ کا پلانٹ مقامی ہے جو زرِ مبادلہ کی بچت کا باعث بنا جبکہ اس سے 900 سے زائد ہنر مند افراد روزگار سے منسلک ہوچکے ہیں۔

شمالی وزیرستان  میں گیس کے ذخائر دریافت ہونے کے ساتھ گیس لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔حکام کا کہنا ہے کہ شیوا سے حاصل گیس کے ذخائر قومی گرڈ میں شامل ہونے سے پاکستان کا غیر ملکی گیس پر انحصار کم ہوگا اور ہر سال 26 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالرز زرِ مبادلہ بچائے جانے کی بھی توقع ہے۔

Related Posts