کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جی ڈی اے کے اراکین وفاقی و صوبائی اسمبلی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب بھی موجود تھے۔ جی ڈی اے کے وفد نے گورنر کو سندھ کے مسائل کے بارے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
وفد نے بتایا کہ سندھ کو مسائلستان بنادیا گیا ہے، سندھ کی عوام بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے بہت تنگ آ گئے ہیں۔ وفد نے گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ سندھ کے مسائل کے حل کے لیے وفاق اپنا کردار ادا کرے۔
ملاقات میں وفد نے بتایا کہ ٹڈی دل نے سندھ کے بیشتر اضلاع میں تباہی مچا دی ہے جس کا جلداز جلد تدارک کرنے کی ضرورت ہے، سندھ میں سرکاری محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے جبکہ سرکاری محکموں میں من پسند لوگوں کو بٹھایا گیا ہے جس سے سرکاری محکموں کی کاردگی متاثر ہورہی ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کمیٹی بنائی ہے، وزیراعظم کو سندھ کے مسائل پر خصوصی بریفنگ بھی دی جائے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت نے ٹیمیں بھیجی ہیں جبکہ سکھر، نوابشاہ اور چھور میں جہازوں کے ذریعے اسپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد یہ اب سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ سندھ کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔