پشاور: گومل میڈیکل کالج ڈی آئی خان کے چوتھے کانووکیشن کا انعقاد ہوا جس میں 117 طلباء کو ایم بی بی ایس کی ڈگریاں دی گئیں۔
گومل میڈیکل کالج کے چوتھے کانووکیشن کی تقریب میں قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے شرکت کی، انہوں نے شعبہ طب میں امتحانی سال 2013 سے 2021 تک مختلف شعبوں میں میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنیوالے طلباء و طالبات میں ڈگری سرٹیفکیٹس اور گولڈ میڈلز تقسیم کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام گورنرمشتاق احمدغنی کا کہنا تھا کہ گومل میڈیکل کالج کی کارکردگی کوسراہا۔ طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے مشتاق غنی نے کہا کہ فارغ التحصیل طالبعلموں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ یہ اللہ کا آپ پر احسان ہے کہ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہوں۔
انہو ں نے کہا کہ ڈاکٹر کا معاشرے اور بالخصوص انسانیت کے ساتھ بہت گہرا رشتہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر اور مریض کا ایک مقدس رشتہ ہے اس لئے ڈاکٹرز اپنے رویوں پر خصوصی توجہ دیں۔
مشتاق احمدغنی نے کہا کہ بدقسمتی سے معاشرے کے ہر شعبہ میں تلخ رویوں کا سامنا رہتا ہے، شعبہ صحت اور شعبہ تعلیم دونوں انتہائی اہمیت کے حامل شعبے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے شعبہ صحت میں قابل قدر ریکارڈ اصلاحاتی اقدامات اٹھائے ہیں، نوجوان نسل سے ہماری بہت امیدیں وابستہ ہیں۔
مشتاق غنی نے نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جس بھی شعبہ میں ہوں ایمانداری اور نیک نیتی کو اپنا شعار بنائیں اور ایک بہترین پاکستانی بن کراپنے ملک کا نام روشن کریں۔ بعدازاں قائم مقام گورنر خیبرپختونخوا مشتاق احمد غنی نے زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کا بھی دورہ کیا اور زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کے 1 ہزار کنال پر محیط مین کیمپس کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا اور پودا لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔
قائم مقام گورنر نے زرعی یونیورسٹی کے زیر اہتمام سالانہ اسپورٹس گالا میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباءو طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر قائم مقام گورنرمشتاق احمدغنی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان زرعی استعداد کا حامل ضلع ہے، اس کی زرعی استعداد کودیکھتے ہوئے زرعی یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور سے ہم آھنگ زراعت کے شعبے میں ریسرچ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید ریسرچ اور زراعت کی ترقی میں زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کا اہم کردار ہو گا۔ مشتاق احمد غنی نے کہا کہ گومل یونیورسٹی کے بعد زرعی یونیورسٹی ڈی آئی خان کے عوام کیلئے بہت بڑا تحفہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








