کراچی: دنیا کے معروف ترین سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر اپنے ہوم پیج پر خصوصی ڈوڈل آویزاں کیا جس نے انٹرنیٹ صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرالی۔
اس خصوصی ڈوڈل میں سبز ہلالی پرچم کو نیلے آسمان کے پس منظر میں لہراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ آسمان پر سفید بادلوں کی صورت میں گوگل کے حروف نمایاں ہیں۔ یہ ڈیزائن پاکستان کی آزادی اور قومی پرچم کی علامت کو اجاگر کرتا ہے۔
گوگل دنیا بھر میں اہم مواقع، تہواروں، تاریخی واقعات اور نمایاں شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اپنے ڈوڈل کو تبدیل کرتا ہے۔
پاکستان کے لیے یہ روایت سنہ 2011 میں شروع ہوئی، جب پہلی بار گوگل نے سبز رنگ کے ڈوڈل میں چاند، ستارے اور مینارِ پاکستان کی جھلک شامل کی تھی۔
یومِ آزادی کے موقع پر ملک بھر میں جوش و خروش کا سماں ہے۔ خواتین، مرد، بچے اور بزرگ سبز ہلالی پرچم اٹھائے سڑکوں اور گلیوں میں نظر آ رہے ہیں جبکہ گھروں، عمارتوں اور دفاتر کو سبز و سفید برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ قومی ترانوں کی گونج اور حب الوطنی کا جذبہ ہر جگہ نمایاں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








