وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا ہے خوراک کی ترسیل کرنے والے ٹرکوں کے لیے ڈیزل پر خطیر رعایت دی جائے گی اور مال بردار گاڑیوں کو ماہانہ 80 ہزار روپے تک سبسڈی ملے گی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ صاحب حیثیت افراد پر اضافی بوجھ ڈال کر غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی سے تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم کا مقصد کسان اور مزدور کے لیے عزت کی زندگی یقینی بنانا ہے۔
حکومتی معاشی پالیسیوں کا محور عام آدمی کی فلاح ہے۔ کابینہ ارکان نے عوامی مشکلات کے پیش نظر اپنی 6 ماہ کی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے توانائی کی بچت کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے شہریوں سے پیٹرول اور بجلی کے استعمال میں احتیاط کی اپیل کی۔
مصدق ملک نے کہاکہ حکومت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں اور مہنگا تیل خرید کر سستا فروخت کرنا زیادہ عرصے تک ممکن نہیں، اسی لیے مسلسل سبسڈی کا سلسلہ جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی وزیراعظم کا عزم ہے۔
وزرا کی تنخواہوں میں کمی اور پیٹرول کوٹے میں کٹوتی سے بچت کا عمل شروع کیا گیا ہے جبکہ تیل کی بڑھتی قیمتوں کا بوجھ صاحب حیثیت طبقے پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔غریب عوام کو ریلیف دینے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیاکہ حکومت نے غریب کسانوں کو 1500 روپے فی ایکڑ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ موٹر سائیکل سواروں اور مڈل کلاس کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی۔
بین الاضلاعی بسوں کو سستا ڈیزل فراہم کر کے کرایوں میں کمی لائی جائے گی۔شدید گرمی میں محنت کرنے والے کسانوں کے لیے جامع ریلیف پیکیج تیار کر لیا گیا ہے جبکہ ٹرانسپورٹرز کو ماہانہ ایک لاکھ روپے تک سبسڈی کرایوں میں کمی سے مشروط ہوگی۔غریب عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کے لیے ایندھن پر براہ راست مراعات دی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








