کراچی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت سیلاب زدگان کی مدد کررہی ہے، یہ وقت سیاست کا نہیں، سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد کے متعلق سوچنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاحال سیلابی پانی ملک کے بڑے حصے کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے بیشتر علاقے سمندر کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ یہ پانی دریاؤں کی بجائے آسمان سے آیا ہے۔
شہباز گل کا شناختی کارڈ اور دیگر اشیا واپس کرنے کا حکم
سیلاب کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس قدرتی آفت سے 3کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔ جون سے آج تک امداد جاری ہے جبکہ سیلاب زدگان کی تعداد امداد اور وسائل سے بڑھ کر ہے۔ پاکستان کا ایک تہائی حصہ سیلابی پانی میں ڈوب چکا ہے۔
بیرونِ ملک سے امداد کے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان کی مدد کر رہی ہے۔ سیلاب سے فصلیں تباہ ہونے کے باعث خوراک کا مسئلہ اور سیلابی پانی سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ ہسپتال اضافی مریضوں کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہیں۔ ہر لمحے نیا چیلنج درپیش ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے سروے کر رہی ہے۔ ملکی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ 30 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔ اس وقت سیاست نہیں، ملکی مفاد کو مقدم رکھنا ہے۔ کچھ لوگوں کی سوچ الگ ہے، انہیں عوام کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








