لاہور:پنجاب کی صوبائی حکومت نے ناجائز منافع خوری کے خلاف شکایات کے اندراج کے لیے ایپ متعارف کروا دی ہے۔
قیمت پنجاب ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے فون میں انسٹال کیا جاسکتا ہے جس پر روزمرہ ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کے نرخ دستیاب ہیں۔
گوگل پلے سے ایپ انسٹال کرنے کے بعد اس میں پنجاب کے کسی بھی شہر کا نام درج کرنے سے وہاں نافذ العمل سرکاری نرخ نامہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
نرخ نامہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایپ کے ذریعے حکومتِ پنجاب سے درخواست کی جاسکتی ہے کہ نرخ نامے سے زائد قیمت پر اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔
حکومتِ پنجاب نے وعدہ کیا ہے کہ ایپ کے ذریعے کی گئی شکایات 24 گھنٹے میں نمٹا دی جائیں گی۔ اب تک صوبائی حکومت کو ہزاروں شکایات موصول ہوئیں۔
صوبائی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کی جاتی ہے۔ اب تک تقریباً 90 فیصد شکایات پر کارروائی کی گئی ہے۔