علی امین گنڈاپور کی وزارت اعلیٰ سے چھٹی کے بعد گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ اور سینئر سیاستدان مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے کی موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی مشاورت اور تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعہ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں جاری آپریشنز، صوبے میں امن و امان کے چیلنجز اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے استعفے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے سینیٹ، چترال اور ہری پور میں صوبائی اسمبلی کے ضمنی الیکشن، سیاسی جماعتوں کے اتحاد اور اس کے ممکنہ سیاسی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کی مزید تفصیل اور اندرونی احوال تاحال پردہ خفا میں ہے۔ قیاس کیا جا رہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد قائم کرکے صوبائی اسمبلی کے ایوان میں کایا پلٹ اور حکومت سنبھالنے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








