کراچی: وفاقی حکومت نے ملک میں جاری کشیدگی ختم کروانے کیلئے علماء کی مدد سے مذاکرات کرنے کا فیصلہ کرلیا، ملک کے جید علمائے کرام سے رابطے شروع کردیئے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کےلیے حکومتی حلقوں میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور حکومت نے مسئلہ کا پرامن حل نکالنے کیلئے علماء کرام کو آگے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور ودیگر اہم وزرا ء علماء کرام کیساتھ ملکر مذہبی جماعتوں کے ساتھ بات چیت شروع کرینگے اور اس حوالے سے پس پردہ بھی رابطے ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور میں کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم کے بعد شہر میں کشیدگی جاری ہے جس کے بعد مذہبی جماعتوں نے آج ملک بھر میں ہڑتال کی کال دی ہے۔
آج صبح وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کالعدم سیاسی و مذہبی جماعت تحریکِ لبیک کے سربراہ کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں کشیدہ حالات کے تناظر میں اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ بات چیت شروع ہوگئی ہے۔
حکومت نے کالعدم ٹی ایل پی سے مذاکرات کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا ہے دیگرمعاملات بھی خوش اسلوبی سے طے پاجائیں گے۔