حکومت کا اسٹریٹیجک پیٹرولیم ذخائر 90 دن تک بڑھانے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

پیٹرولیم
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسٹرٹیجک پیٹرولیم ریزروز قائم کرنے کے منصوبے پر اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ذخائر کو 90روز تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد غیر یقینی حالات میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے اسٹریٹیجک پیٹرولیم ریزروزقائم کرنے کے منصوبے پر پیشرفت شروع کر دی، جس کا مقصد 90 دن تک کے ایندھن کا ذخیرہ تیار کرنا ہے جبکہ حکومت نے یہ اقدام آبنائے ہرمز میں ممکنہ عدم استحکام کے باعث تیل کی سپلائی میں خلل کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا۔

عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے اہم راستے کے طور پر آبنائے ہرمز کی بندش نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گزشتہ 2 ماہ سے جاری جنگ اور عسکری کشیدگی نے عالمی توانائی منڈیوں کو عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیا۔

پاکستان کے درآمدی تیل پر انحصار نے قیمتوں میں روزافزوں اضافے کو فروغ دیا۔ حکومت اپنے نئے منصوبے کے تحت پیٹرول اور ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی عائد کرنے پر غور کر رہی ہے جبکہ اس وقت ملک کی سالانہ کھپت کا تخمینہ 20 ارب لیٹر لگایا گیا ہے، 10 روپے لیوی کی مدد سے ہر سال 200 ارب روپے جمع کیے جاسکتے ہیں۔

حکام کا ماننا ہے کہ آئندہ 3 سال میں 10  روپے فی لیٹر لیوی کی مدد سے پاکستان کم و بیش 600ارب روپے سے زائد حاصل کرسکتا ہے جس کی مدد سے اسٹرٹیجک ذخیرہ گاہیں تعمیر کی جاسکتی ہیں۔

Related Posts