کیا باربی کیو کے مزے ختم؟ حکومت نے ریسٹورنٹس پر بڑی پابندی عائد کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

govt directs restaurants to install suction hoods ahead of smog season
ONLINE

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام تجارتی ریستورانوں اور کھلی جگہوں پر کھانے پکانے والے اسٹیشنز، خصوصاً باربی کیو ہوٹلوں کے لیے سکشن ہوڈز کی تنصیب لازمی قرار دے دی ہے۔ یہ فیصلہ موسمِ سرما میں بڑھتی ہوئی اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے) پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حمید شیخ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریستوران مالکان، باربی کیو پوائنٹس اور کھلی جگہوں پر کوئلہ، لکڑی یا چارکول استعمال کرنے والے کچن اسٹیشنز ایسے سکشن ہوڈز نصب کریں جو دھواں، چکنائی اور گیسوں کو مؤثر انداز میں فلٹر کر کے فضا میں شامل ہونے سے پہلے صاف کریں۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ نظام مناسب فلٹرز یا اسکربرز سے لیس ہونا چاہیے اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے تاکہ ان کی کارکردگی ماحولیاتی معیار (پنجاب انوائرمنٹل کوالٹی اسٹینڈرڈز) کے مطابق برقرار رہے۔

تمام ریستورانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ تنصیب 15 دن کے اندر مکمل کریں۔

حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف ماحولیاتی تحفظ (اسموگ کی روک تھام و کنٹرول) رولز 2023 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے اور آئندہ اطلاع تک برقرار رہیں گے۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق درجہ حرارت میں کمی، ہوا کے جمود اور صنعتی دھویں کے باعث سردیوں میں اسموگ میں اضافہ ہوتا ہے جس سے انسانی صحت اور شہری فضاء دونوں شدید متاثر ہوتی ہیں۔

ریستورانوں اور کھلے کچن اسٹیشنز سے خارج ہونے والا دھواں، گردوغبار اور چکنائی فضا میں ذرات کی مقدار بڑھا کر اسموگ کو مزید شدید بناتے ہیں، لہٰذا حکومت کا یہ اقدام فضائی آلودگی میں کمی کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Related Posts