کراچی: حکومت نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو 3 نئے محکموں میں تقسیم کردیا ہے۔ فیصلے کے نفاذ کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تقسیم سے 3 نئے محکمے قائم کیے گئے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے تحت آگہی دی گئی ہے کہ ریگولیٹری شعبہ جات پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر انتظام رہیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کمرشل ائیرپورٹس کو پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے نام سے نئے محکمے کا حصہ بنا دیا گیا جو ائیرپورٹس کے معاملات کی دیکھ بھال کرے گا اور کمرشل ائیرپورٹس پر عوامی مسائل کو بھی دیکھ سکے گا۔
نوٹیفکیشن کے تحت حکومت نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تقسیم سے قائم ہونے والے تیسرے محکمے کا نام بورڈ آف سیفٹی انوسٹی گیشن رکھ دیا جو طیاروں کے حادثات کی تحقیقات کرے گا اور مقررہ وقت میں رپورٹ دے گا۔
حکومت نے سول ایوی ایشن، ائیرپورٹس اتھارٹی اور بورڈ آف سیفٹی انوسٹی گیشن کے قیام کے الگ الگ نوٹیفکیشن بھی جاری کردئیے۔ سول ایوی ایشن کو فلائٹ اسٹینڈرڈ، پائلٹ لائسنس، ایروڈروم اور ائیر اسپیس کے اختیارات دئیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس ائیروردی نیس، ائیر ٹرانسپورٹ اور ائیرومیڈیکل کے اختیارات بھی موجود ہیں۔ حکومت کی جانب سے نئے محکموں کے قیام کے بعد ائیرپورٹس کی صورتحال میں بہتری کی توقع کی جارہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








