مریم نواز عیدی اسکیم، پنجاب حکومت نے ضروری وضاحت جاری کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: آن لائن)

لاہور: پنجاب حکومت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے “مریم نواز عیدی اسکیم” سے متعلق دعووں کو جعلی اور بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ دعویٰ کیاجارہا تھا کہ عیدالفطر سے قبل کم آمدنی والے خاندانوں کو 5 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ان خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی اسکیم حکومت کی جانب سے شروع نہیں کی گئی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ اس حوالے سے نہ کوئی سرکاری اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی فنڈ یا خبر جاری کی گئی ہے۔

یہ گمراہ کن مہم 11 مارچ سے سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیلنا شروع ہوئی، جب ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ نے دعویٰ کیا کہ حکومت پنجاب نے عید کے موقع پر شہریوں کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ اسکیم متعارف کرا دی ہے۔

جعلی پوسٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ پنجاب کے 12 سال یا اس سے زائد عمر کے شہری ایک سرکاری پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کرا کے 5 ہزار روپے حاصل کر سکتے ہیں تاکہ گھریلو اخراجات پورے کیے جا سکیں۔

یہ من گھڑت دعوے یوٹیوب اور ایکس (سابقہ ٹوئٹر) سمیت مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہو گئے، جس سے شہریوں میں اسکیم کی حقیقت کے بارے میں ابہام پیدا ہوا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے سیاسی امور ذیشان ملک نے بھی اس معاملے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ دعویٰ درست نہیں ہے اور حکومت کی جانب سے ایسی کسی اسکیم کا کوئی وجود نہیں۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی خبر کی تصدیق کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں، کیونکہ اس طرح کی غلط معلومات عوام میں بے چینی اور الجھن پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ سرکاری اعلانات پر اعتماد کو بھی متاثر کر سکتی ہیں۔

Related Posts