اسلام آباد: وفاقی حکومت کا ہفتے کے روزسرکاری تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق سرکاری اداروں میں طلبہ کو ریاضی، سائنس اور لینگویج سمیت دیگر کورسز پر عبور حاصل کرنے کیلئے ہفتے کا دن مختص کیا گیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ہفتے کو تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا اعلان کیا گیا، فیصلے کا اطلاق رواں ماہ 10 اگست سے کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سرکاری تعلیمی ادارے ہفتے کے روز کھلے رہیں گے۔
تاہم اعلامیے کے تحت ہفتے کے روز کورسز لینے یا نا لینے کا آپشن طلبہ کو حاصل ہو گا جبکہ عملے کو اپنی حاضری یقینی بنانی ہو گی۔ہفتے کو تعلیمی ادارے دو گھنٹے کیلئے کھولے جائیں گے جس میں دو کلاسز ہوں گی۔باقی دنوں میں تعلیمی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی میں سرکاری احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے نجی اسکولز نے تعلیم کا سلسلہ بحال کردیا۔ نجی انتظامیہ نے اسکول کھول دئیے اور طلبہ و طالبات کو پڑھنے کیلئے بلا لیا گیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے موسم گرما کی تعطیلات میں 14روز کا اضافہ کیا گیا تھا۔ تعلیمی اداروں کو کھولے جانے کی تاریخ 15اگست مقرر کی گئی تھی، کراچی کے نجی اسکولز نے یکم اگست سے ہی اسکول کھول کر سرکاری احکامات ہوا میں اڑا دئیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








