اسلام آباد:حکومت اور کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، حکومت نے فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا بل آج اسمبلی میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے ویڈیو بیان کے مطابق ٹی ایل پی اور حکومت پاکستان کے درمیان طویل مذاکرات میں یہ طے پایا گیا ہے کہ ہم آج فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کرینگے۔
ان کا کہنا ہے کہ تحریک لبیک پورے ملک سمیت خاص طور پر لاہور میں مسجد رحمت اللہ العالمین سے دھرنا ختم کرے گی، مذاکرات اور بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا جن لوگوں پر مقدمات سمیت فورتھ شیڈول درج ہیں ان کا اخراج کیا جائےگا اس پر تفصیلی بیان میں آج شام یاکل دوپہر پریس کانفرنس میں دوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ختم نبوت کے معاملے پر ہم کسی طور پر بھی کالعدم تحریک لبیک پاکستان سے پیچھے نہیں ہیں۔
قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم سب ناموس رسالت اور ختم نبوت کے معاملے پر کسی بھی جماعت سے پیچھے نہیں ہیں اور نہ ہی کالعدم تحرک لبیک پاکستان سے کم نہیں۔