اسلام آباد: وفاقی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کو 300 یونٹس تک مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ ریاض پیرزادہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے دورے کے دوران نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیکس کوریج میں توسیع کی جائے گی تاکہ ان لوگوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے جو پہلے ٹیکس ادا نہیں کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ حکام بدعنوان سرکاری اہلکاروں کی فہرست مرتب کر رہے ہیں جبکہ عوام کو 300 یونٹس تک مفت بجلی فراہم کرنے کے لیے کام جاری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اب بھیک نہ مانگنے کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اب دوسروں پر انحصار سے نکل کر خود کفالت کی طرف کوشاں ہے۔
یاد رہے کہ انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی نے عوام کو مفت بجلی کی فراہمی کا اعلان کیا تھا۔
سندھ میں پیپلزپارٹی کے وزیرتوانائی سید ناصر حسین شاہ وزارت کا قلمدان سنبھالنے کے بعد کئی بار مفت بجلی کے منصوبے کے حوالے سے بتاچکے ہیں جبکہ وفاقی وزیرریاض پیرزادہ نے بھی عوام کو 300یونٹ فری بجلی کی نوید سنادی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی کہ کن شرائط پر عوام کو مفت بجلی دی جائیگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








