کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں سیوریج مسائل کے خاتمے کیلئے اقدامات شروع کردیئے،کراچی کے سب سے بڑے برساتی گجرنالے سے تجاوزات کے خاتمے کا پلان تیارکر لیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق 13 کلومیٹر طویل نالے کو 35 فٹ سے 150 فٹ تک چوڑا کیا جائے گا،گجر نالے کی بحالی میں 4 ہزار مکانات زد میں آنے کا خدشہ ہے اورتجاوزات کے خلاف آپریشن سے تقریبا 20 ہزار افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔
گجرنالے کو ماڈل نالہ بنانے کے کام کا آغاز اگلے ماہ کے پہلے ہفتے سے شروع ہو گا، آپریشن شروع کرنے سے پہلے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کے لئے سیکورٹی اداروں کے سربراہان کو خط بھی لکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
دوسری جانب گجر نالے کے متاثرین کا کہنا ہے کے جب ہم یہ گھر بنا رہے تھے تو اس وقت انتظامیہ کہاں تھی اور ابھی تک ہمیں متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی جس کا حکومت نے ہم سے وعدہ کیا تھا نہ ہی ہماری کوئی مالی امداد کی گئی ہے۔