اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات عبدالحفیظ شیخ، مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبد الرزاق دائود اور معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کوچھ ماہ کیلئے وفاقی وزیربنانے کاامکان ہے۔
اسلا م آباد ہائیکورٹ نے غیر منتخب مشیرو معاونین کو کابینہ کمیٹیوں کا حصہ نہ بنانے کا حکم دیا تھاجس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے آئینی بحران کا جائزہ لینے کے لئے قانونی ٹیم سے مشاورت کی ۔
سینیٹ انتخابات تک عبدالحفیظ شیخ ، عبد الرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو وفاقی وزیر مقرر کیا جاسکتا ہے۔ امکان ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت 2021 میں سینیٹ انتخابات کے لئے انہیں سینیٹ ٹکٹ دے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت چھ ماہ کے لئے غیر منتخب شخص کو وزیر مقرر کرسکتے ہیں۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر خزانہ مقرر کیا تھا جو پارلیمنٹ کے رکن نہیں تھے۔
کل 7 کابینہ کمیٹیوں میں سے 3 کے چیئرمین مشیر خزانہ ہیں جبکہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے چیئرمین بھی ہیں۔
مشیر خزانہ کابینہ کمیٹی سرکاری ملکیتی اداروں کے بھی چیئرمین اور قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں۔ حفیظ شیخ کابینہ کی توانائی اور سی پیک کمیٹیوں میں بطور رکن بھی شامل ہیں۔