پنجاب کے مشہور شہر حافظ آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں فرسٹ ایئر کے امتحان میں ناکامی پر دلبرداشتہ ہو کر ایک طالبہ نے خودکشی کرلی۔
طیبہ نامی طالبہ نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے تیزاب پی لیا۔ اہلخانہ نے اسے فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا جہاں دورانِ علاج وہ جانبر نہ ہو سکی۔
طالبہ کے والد نے تصدیق کی کہ بیٹی پہلی سالانہ امتحان میں فیل ہو گئی تھی جس پر وہ شدید ذہنی دباؤ اور مایوسی کا شکار ہو گئی تھی، جو اس المناک واقعے کا سبب بنی۔
اس سے قبل اپر دیر کے علاقے گندیگر پائیں میں بھی ایک 15 سالہ طالبہ نے میٹرک کے نتائج سے دلبرداشتہ ہو کر خودکشی کرلی تھی۔
پولیس کے مطابق انمول نامی طالبہ نے مالاکنڈ بورڈ کے تحت ہونے والے ایس ایس سی امتحان میں 1200 میں سے 1010 نمبر حاصل کیے تھے ۔
انمول اپنی کارکردگی سے غیر مطمئن تھی اور جذباتی کیفیت میں آ کر اس نے فائرنگ کر کے اپنی جان لے لی۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔
مقامی حکام نے دونوں واقعات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ماہرین نے طلبہ میں بڑھتے ہوئے ذہنی دباؤ اور تعلیمی دباؤ کو تشویشناک قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








