سلیکٹڈ حکمران نواز شریف کی بیماری پر کھلواڑ کررہے ہیں، ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا، حمزہ شہباز

تازہ ترین

تازہ ترین

hamza shehbaz

لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکمران میاں نواز شریف کی بیماری کے ساتھ بھی کھلواڑ کررہے ہیں ،یہ دن ان پر بھی آ سکتے ہیں ،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔

نیب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ تین مرتبہ ملک کے منتخب وزیر اعظم رہنے، ایٹمی پاکستان بنانے ،ملک کو اندھیروں سے نکالنے ، قوم کو سی پیک کا تحفہ دینے اور 11ہزار سے زائد میگا واٹ بجلی پیدا کرنے والے کے ساتھ جعلی حکمرانوں کا ناروا سلوک ان کی جان لے سکتا ہے اور اگر ایسا ہوا تو اس کی ذمہ داری سلیکٹڈ نیازی پر ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو بیرونِ ملک لے جانے کے لیے ائیر ایمبولینس کل لاہور پہنچے گی۔مریم اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ گزرتے دنوں کے ساتھ نواز شریف کی صحت بگڑ رہی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق نواز شریف کو جتنی جلد بیرون ملک منتقل کیا جائے گا، اتنا ہی ان کے علاج کے لیے بہتر ہے۔

حکمران جان بوجھ کر لیت ولعل سے کام لے رہے ہیں، بیرون ملک ڈاکٹرز کا سب سے اولین چیلنج نواز شریف کے مرض کی درست تشخیص اور پلیٹ لیٹس میں کمی کی وجہ جاننا ہے، امید ہے کہ سابق وزیراعظم کو بیرون ملک لیجانے کے لئے ائیر ایمبولینس آج لاہور پہنچے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور ہر پیشی پر پہنچتے ہیں ، ہم نے کبھی عدالتوں کی توہین کا سوچا بھی نہیں۔یہ موجودہ حکمرانوں کا وطیرہ ہے جو عدالتی فیصلے کے باوجود ابھی تک سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا ای سی ایل سے نام نہیں نکال سکی ،ایک بیمار شخص کے ساتھ ان جعلی حکمرانوں کا رویہ قابل تشویش ہے۔

Related Posts