گزشتہ دنوں افغان طالبان کے اہم رہنما اور افغان عبوری وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی کے طالبان قیادت سے اختلافات کے بعد منصب سے استعفے کی خبریں آئی تھیں، اب اس حوالے سے افغان حکومت کی وضاحت آگئی ہے۔
ایک وضاحتی بیان میں افغان وزارت داخلہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ وزارت کے عبوری سربراہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
مذکورہ وزارت کے ترجمان مفتی عبدالمتین قانع نے میڈیا کو بتایا کہ اس حوالے سے شائع ہونے والی خبریں غلط ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے میڈیا سے بھی درخواست کی کہ وہ حقائق کو پیش نظر رکھیں اور افواہوں اور پروپیگنڈے کو پھیلانے سے گریز کریں جو رائے عامہ کے انحراف اور تشویش کا باعث ہوں۔
یہ وضاحت سوشل میڈیا پر افغان وزارت داخلہ کے عبوری سربراہ خلیفہ سراج الدین حقانی کے استعفیٰ کے حوالے سے خبروں کے بعد جاری کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ان خبروں کو پاکستانی میڈیا نے بھی بڑھا چڑھا کر پیش کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








