استعمال شدہ مہنگے موبائل فونز سستے ہوگئے؟ نئی کسٹمز ویلیوز سامنے آ گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن کراچی نے 62 اقسام کے پرانے اور استعمال شدہ برانڈڈ موبائل فونز کی درآمد کے لیے نئی کسٹمز ویلیوز مقرر کر دی ہیں۔اس سلسلے میں ویلیوایشن رولنگ نمبر 2035 برائے 2026 پیر کے روز جاری کی گئی۔

جاری کردہ رولنگ کے مطابق نئی کسٹمز ویلیوز کا اطلاق تجارتی مقدار میں درآمد کیے جانے والے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز پر ہوگا جو کسی قسم کی پیکنگ یا لوازمات (ایکسسریز) کے بغیر ہوں گے۔ ان موبائل فونز میں ایپل، سام سنگ اور گوگل پکسل سمیت دیگر معروف برانڈز شامل ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ کے مطابق پہلے سے نافذ ویلیوایشن رولنگ ڈیڑھ سال سے زائد پرانی ہو چکی تھی اور اس میں مقرر کی گئی کسٹمز ویلیوز عالمی منڈی کی موجودہ صورتحال کی درست عکاسی نہیں کر رہی تھیں۔

مزید یہ کہ اس دوران آئی فون اور دیگر اسمارٹ فونز کے کئی نئے ماڈلز مارکیٹ میں آ چکے تھے جبکہ بعض پرانے ماڈلز اپنی مقررہ مدتِ استعمال (اینڈ آف لائف) مکمل کر چکے تھے جس کے باعث ان کی مالیت میں کمی کو مدنظر رکھنا ضروری ہو گیا تھا۔

ان تمام عوامل کو سامنے رکھتے ہوئے درآمدی ڈیٹا، مارکیٹ کے رجحانات، عالمی قیمتوں اور کسٹمز میں ظاہر کی گئی قدروں کے فرق کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے بعد کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات 25 اور 25A کے تحت متعلقہ موبائل فونز کی کسٹمز ویلیوز پر نظرِ ثانی کا عمل شروع کیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ نے وضاحت کی ہے کہ نئی کسٹمز ویلیوز کو تجارتی بنیادوں پر درآمد کیے جانے والے موبائل فونز پر ڈیوٹی اور ٹیکس کے تعین کے لیے استعمال کیا جائے گا اور ان کا اطلاق موبائل فونز کے کسی مخصوص گریڈ یا حالت سے قطع نظر ہوگا۔

نئے ضوابط کے تحت یہ بھی لازمی قرار دیا گیا ہے کہ پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز برآمد سے کم از کم چھ ماہ قبل ایکٹیویٹ ہو چکے ہوں۔ درآمد کنندگان کو موبائل فونز کی ایکٹیویشن مدت ظاہر کرنا ہوگی جس کی تصدیق متعلقہ کلیکٹریٹ کے اسیسنگ افسران کریں گے۔

ایسے موبائل فون برانڈز یا ماڈلز جو اس ویلیوایشن رولنگ میں شامل نہیں ہوں گے ان کی کسٹمز ویلیو کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعات 25(5) اور 25(6) کے تحت متعلقہ کلیئرنس کلیکٹریٹ طے کرے گا۔

Related Posts