مچھ میں ہزارہ برادری کا دھرنا جاری، مظاہرین کا دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Govt accepts Hazara victims conditions

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے علاقے میں گزشتہ روز دہشت گردوں نے 11 کان کنوں کی جان لے لی جس کے بعد مچھ میں ہزارہ برادری کا دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11 افراد کی تدفین آج ہوگی۔ مبینہ طور پر فرقہ وارانہ دہشت گردی کے باعث ناحق قتل کیے گئے افراد کے ہاتھ پیر فائرنگ سے قبل باندھ دئیے گئے تھے۔

بلوچستان میں کوئٹہ سبی شاہراہ پر جاں بحق افراد کی میتوں کے ساتھ خواتین اور بچوں سمیت ہزارہ برادری نے دھرنا دے رکھا ہے۔ دھرنے کے شرکاء کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر دہشت گردوں کو گرفتار کرے اور قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

دوسری جانب کراچی میں مجلسِ وحدت المسلمین نے احتجاجی ریلی نکالی اور نمائش چورنگی  پر مظاہرہ بھی کیا۔ ملتان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں ہزارہ برادری کے شہید ہونے والے مزدوروں کی یاد میں شمعیں بھی روشن ہوئیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے بولان کے علاقے مچھ میں دہشت گردی کے نتیجے میں 11 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ حکومت مچھ کے مقتول مزدوروں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے مچھ میں 11 معصوم کان کنوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر انسانی فعل دہشت گردوں کا ایک اور بزدلانہ اقدام ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت مزدوروں کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔وزیرِ اعظم

Related Posts