کراچی میں سمندری ہوائیں گزشتہ روز سے بند ہیں جبکہ محکمۂ موسمیات نے حبس کے ساتھ ساتھ شدید گرمی کی بھی پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمۂ موسمیات نے سورج کے آگ برسانے کی پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا کہ آج بھی درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جائے گا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں آج بھی سمندری ہوائیں بند رہنے کا امکان ہے جبکہ ملک کے بیشتر علاقے گرمی کے ساتھ ساتھ خشک اور مرطوب موسم کا سامنا کریں گے۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوگی۔
گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم سیالکوٹ اور نارووال میں بارش ہوئی۔ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت تربت میں 44، لسبیلہ میں 43 جبکہ سبی میں 42ڈگری رہا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی کردی، شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
گزشتہ روز محکمۂ موسمیات نے زیریں سندھ کے علاقوں بشمول تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ اور مٹھی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
مزید پڑھیں: سندھ کے مختلف شہروں میں بارش ہوگی۔محکمۂ موسمیات
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








