بھارتی صوبے اتر پردیش کے شہر فیض آباد میں بہت بڑے حملے کے نام پر ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، مودی سرکار نے ایجنسیوں کی رپورٹ پر ایودھیا رام مندر کے آس پاس بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
انڈین میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے کے ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا، میڈیا کا دعویٰ ہے کہ مستقبل قریب میں بھارت کے ایودھیا رام مندر پر دہشت گرد بڑا حملہ کریں گے۔ ایودھیا کے اطراف میں شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات دے دی گئیں۔
دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں کسی بھی وقت بڑے حملے کا ہائی الرٹ بے معنی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ عین ممکن ہے کہ بھارت کو ہائی الرٹ کرنے والی ایجنسیاں خود ہی کوئی حملہ کرکے الزام پاکستان پر عائد کریں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق متنازعہ شہریت بل کے خلاف ملک گیر ہنگاموں کے پیش نظر بھارت کی مودی سرکار شدید بوکھلاہٹ کا شکار نظر آتی ہے۔ لوگ دھرنے دے رہے ہیں، احتجاج کیا جارہا ہے، سڑکوں پر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی جاری ہے۔
مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم کا دائرۂ کار بھارتی علاقوں تک بڑھاتے ہوئے اپنی ہی متعدد ریاستوں میں انٹرنیٹ سروس اور ٹرانسپورٹ کی بعض سروسز پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے ظلم و ستم میں کمی نہیں آئی، مسلسل کرفیو آج 144ویں روز بھی جاری ہے جس کے دوران آمدورفت، ذرائع نقل و حمل اور دیگر پابندیوں کے باعث مظلوم کشمیریوں پر عرصۂ حیات تنگ ہوگیا۔
موسمی حالات بھی کشمیریوں کے حق میں نہیں، مظلوم عوام کو وادی میں جاری سخت سردی اور برف باری کا سامنا ہے جس کے باعث لاک ڈاؤن کی صورتحال مزید تشویشناک ہوچکی ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں مسلسل کرفیو144ویں روز میں داخل ہوگیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








